کاروار:8؍ جولائی(ایس اؤ نیوز)ساحلی پٹی کی قومی شاہراہ پر فورلین کے تعمیراتی کاموں سے بارش کا پانی جمع ہورہاہے ، ابھی تک اس کو خاموشی کے ساتھ برداشت کیا جارہاتھا، اب جو کچھ نقصان ہوگا اس کے لئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کو ہی ذمہ دار گردانتےہوئے نوٹس جاری کی جائے گی۔اس بات کا اعلان ضلع نگراں کارو زیر کوٹاشری نواس پجاری نے کیا۔
جمعرات کو ڈی سی دفتر کے ہال میں اخبارنویسوں سے بات کرتےہوئے انہوں نے کہاکہ کاروار سمیت ضلع کی ساحلی پٹی سے گزرنے والی شاہراہ پر بارش کا پانی جمع ہورہاہے دراصل اس کے لئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کا غیر سائنٹفک نقشہ ہی اصل وجہ ہے۔ اسی لئے اب آگے سے جوکوئی جانی ، مالی نقصان ہوگا اس کے لئے انہی کو ذمہ داربنایاجائےگا۔ اس تعلق سے افسران کو پوری وضاحت کے ساتھ بتادیاگیا ہے۔فورلین کی تعمیراتی ٹھیکدار کمپنی اور بحریہ اڈے والوں سے ہی ہرسال بارش کے موسم میں مسائل پیدا ہورہے ہیں، یہ صحیح ہے کہ وہ کسی کی بات نہیں سنتے ، اس کے باوجود انہیں سمجھایاگیا ہے اور تاکید ومتنبہ بھی کئے جانے کی وزیر موصوف نے جانکاری دی ۔
اترکنڑا ڈی سی ملئی مہیلن نے بتایا کہ فورلین تعمیراتی ٹھیکدار کمپنی اور بحریہ اڈے والوں نے اپنے تعمیراتی کاموں کے دوران بارش کا پانی بہہ کر جانے کے لئے کوئی منصوبہ تشکیل نہیں دئیےجانے سےہی مسائل پیدا ہورہےہیں۔ بحریہ اڈے پر کام جاری ہے، اسی لئے ہرسال مسئلہ جوں کا توں باقی رہتاہے، پرانےمسائل کو حل کرتےہی نیا مسئلہ پیدا ہوجاتاہے۔ اسی لئے مسائل پیدا ہی نہ ہوں ایسے منصوبوں کو تشکیل دینےپر ڈی سی نے زور دیا۔
افسران کو چھٹی نہیں : ضلع نگران کار وزیر نے بتایا کہ ضلع بھر میں گذشتہ ایک ہفتہ سے موسلادھار بارش جاری ہے۔ ندیاں ،نالےپوری آب وتاب کے ساتھ بہہ رہےہیں، لیکن کہیں بھی سیلاب کی صورت حال پیدا نہیں ہوئی ہے، افسران کو پیشگی احتیاطی تدابیر کے ساتھ تیار رہنے کہاگیا ہے۔ اس کے علاوہ سیلاب کی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے اس بات کو دھیان میں رکھتے ہوئے ضلع کے کسی بھی افسر کو چھٹی پر نہ جانےکے لئے کہاگیا ہے۔
شاہراہ پر ٹول فیس وصولی کے خلاف احتجاج :قومی شاہراہ کے فورلین کا تعمیراتی کام پورا نہیں ہواہے ابھی سے ٹول فیس وصول کی جارہی ہےاور افسران نے مرکزی وزیر نتین گڈکری کو صحیح جانکاری نہیں دی ہے۔ آئی آر بی کمپنی والے پوری سڑک تعمیر کئے بغیر ہی ٹول فیس وصول کررہے ہیں جس کے ہم خلاف ہیں رکن اسمبلی روپالی نائک نے متنبہ کیا کہ اگر ٹول فیس وصولی جاری رہے تو ہم ٹول گیٹ کے قریب احتجاج کریں گے۔
ڈی سی دفتر میں بات کرتےہوئے رکن اسمبلی نے کہاکہ شاہرا ہ کا کام مکمل نہیں ہواہے۔ چند مقامات پر پہاڑ کھسک رہے ہیں ، کئی جگہوں پر غیر سائنٹفک طورپر سڑک کی اونچائی زیادہ کئے جانےسے بھی پاس پڑوس کے گھروں کو نقصان ہورہاہے۔ سڑک کی تعمیر مکمل نہ کرتےہوئے ٹول وصول کی جارہی ہے جس کی ہم سخت مخالفت کرتےہیں اس کی مخالفت میں ٹول گیٹ کے قریب ہی احتجاج کئےجانےکی رکن اسمبلی نے جانکاری دی ۔